آئی ایف آر اے پی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس، سیلاب بحالی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
کوئٹہ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت انٹرگریٹڈ فلڈ ریزلینس ایڈپشن پراجیکٹ (IFRAP) کی سٹینڈنگ کمیٹی کا گیارواں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے، بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جب کہ (IFRAP) منصوبے کی مالی اور فزیکل پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے منصوبے کے مختلف اجزاء پر عملدرآمد کی رفتار، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
حکومت بلوچستان نے پلاننگ کمیشن آف پاکستان کو تجویز دی کہ سیلاب زدہ اضلاع کے باقی ماندہ فنڈز کمیونٹی انفراسٹرکچر کی بحالی پر خرچ کیے جائیں، جن میں سڑکیں، آب پاشی، نکاسی آب، صحت اور تعلیم کے منصوبے شامل ہیں۔
پلاننگ کمیشن نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ڈونر ایجنسی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ وسائل کا مؤثر اور عوامی مفاد پر مبنی استعمال یقینی بنایا جائے، شرکاء نے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کا عمل مزید تیز کرنے اور عوامی فائدہ بڑھانے پر اتفاق کیا۔