پنجاب میں زلزلے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا: پی ڈی ایم اے
لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے زلزلے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق پنجاب میں زلزلے کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا،لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کا مرکز ہندو کش کا ریجن تھا اور اس کی گہرائی 215 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زلزلے سے متعلق کسی بھی نقصان کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دیں۔