سرگودھا: 7 سالہ بچی کے بہیمانہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار
سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگردھا کے علاقہ کارخانہ بازار میں 7 سالہ بچی کے بہیمانہ قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی۔
پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر نامزد افراد کو بھی شاملِ تفتیش کر لیا گیا، مقدمے میں کریانہ سٹور کے مالک سمیت تین افراد کو مبینہ طور پر قتل کی سازش اور معاونت کے الزام میں نامزد کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق دکان مالک محمد عباس کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد واقعہ پیش آیا، مرکزی ملزم ارسلان نے مبینہ طور پر دیگر نامزد افراد کے ایماء پر بچی کو قتل کیا، ملزم نے قتل سے قبل مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ملزم ارسلان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد سے تفتیش جاری ہے، پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ دو سال سے کریانہ سٹور پر ملازمت کر رہا تھا، پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ تحقیقات تمام پہلوؤں سے جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں حقائق سامنے لائے جائیں گے۔