وزیر بحری امور سے گورنر سندھ کی ملاقات، ساحلی تحفظ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری سے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے ملاقات کی جس میں سمندری آلودگی اور ساحلی تحفظ کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ کراچی میں میرین پولیوشن کنٹرول بورڈ کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں، کچرے کے مؤثر انتظام اور ری سائیکلنگ کے فروغ پر مل کر کام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندری آلودگی ماہی گیری اور ساحلی معیشت کیلئے بڑا خطرہ ہے، مینگروز اور ساحلی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

جنید انوار چودھری نے کہا ہے کہ سرکلر اکانومی اور پائیدار بحری ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ کچرے کا مؤثر انتظام اور سمندری وسائل کا تحفظ ناگزیر ہے، پائیدار معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے ساحلی علاقے ترقی کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں