خانیوال میں قبرستان میں فائرنگ اور چاقوؤں کے وار، ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی

خانیوال: (دنیا نیوز) تھانہ سرائے سدھو کے علاقے اولکھ سندھو قبرستان میں فائرنگ اور چاقوؤں و خنجروں سے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حق نواز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں خضر حیات، ثمر عباس اور اظہر عباس شامل ہیں، جو آپس میں سگے بھائی ہیں، دیگر زخمیوں کی شناخت اور حالت کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستان آئے تھے کہ اس دوران مخالفین نے ان پر حملہ کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل مقتول اور زخمی افراد کے بچوں کی رانا برادری کے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی، جسے واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دے کر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سرائے سدھو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش و زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا۔

واقعے کے بعد ورثا نے احتجاجاً جھنگ روڈ بلاک کر دی، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں