کراچی میں شاہین فورس کا کامیاب آپریشن، مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کے خلاف شاہین فورس نے کامیاب کارروائی کے بعد مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک کر دیے۔

وزیر داخلہ سندھ  ضیا الحسن لنجار نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔

ضیا الحسن النجار کا کہنا تھا کہ  ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل کی قیادت میں پولیس کی بروقت کارروائی  قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، شاہین فورس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور بہادر پولیس اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کراچی کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے سندھ پولیس کی ہر ممکن حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی جب کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور ہر صورت قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں