سابق ارکان پارلیمنٹ اور انکے اہل و عیال کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل منظور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق اراکین پارلیمنٹ اور ان کے اہل و عیال کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل منظور کرلیا۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر نے ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل پیش کیا جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔

ترمیمی بل کے متن کے مطابق سابق ارکان پارلیمنٹ اور ان کے شریک حیات مفت بلیو پاسپورٹ حاصل کرسکیں گے جبکہ 28 سال سے کم عمر کے زیرکفالت بچے بھی مفت بلیو پاسپورٹ کے حقدارہوں گے۔

بل کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز اور ان کی فیملیز کو یہ سہولت پہلے سے حاصل ہے، سابق اراکین پارلیمنٹ کو بھی ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز کے مساوی لایا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا اسلام آباد کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا۔

طلال چودھری نے جواب دیا میں نہیں کہتا کہ اسلام آباد پولیس میں سب فرشتے ہیں، غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے۔۔

اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری واٹر سائیڈ سیفٹی بل بھی پیش کیا جو منظورکر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں