14 حوالاتیوں کے فرار کیس کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل، آئی جی کو ارسال
راولپنڈی: (دنیا نیوز) 14 حوالاتیوں کے فرار کے معاملے پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کے احکامات پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرکے سیل بند لفافے میں آئی جی پنجاب کو بھجوا دی۔
پولیس کے چار سینئر افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کی مکمل چھان بین کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی، سکیورٹی انتظامات اور عملے کی مبینہ غفلت کا جائزہ لیا۔
تحقیقاتی کمیٹی نے سرکاری و غیر سرکاری عملے سمیت حوالاتیوں کے بیانات بھی قلم بند کیے۔ کمیٹی میں ایس ایس پی سپیشل برانچ اور دو دیگر سینئر پولیس افسران بھی شامل تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف بڑی کارروائی اور سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فرار ہونے والے تمام 14 حوالاتیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔