پیمرا کا جیو نیوز سے متعلق حتمی فیصلہ جاری، ریلیف نہ مل سکا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام "سفرِ عشق" کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویری کشی سے متعلق معاملے پر حتمی فیصلہ جاری کر دیا۔

پیمرا اتھارٹی نے 11 جولائی کو ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

فیصلے کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں معاملے پر غور کیا اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے، ریکارڈ اور جیو نیوز کے نمائندگان کا مؤقف سننے کے بعد اپنی سفارشات پیمرا اتھارٹی کو پیش کیں۔

پیمرا نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے اور ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں کے منافی ہے۔ تاہم اتھارٹی نے جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہارِ ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو تخفیفی عوامل قرار دیا، لیکن واضح کیا کہ اس سے خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج ختم نہیں ہوتے۔

حتمی فیصلے میں 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا، جو آج رات 12 بجے تک نافذ رہے گا۔ فیصلے کے مطابق جیو نیوز کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔

پیمرا نے جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کر کے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔ اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ کارروائی کے نتیجے میں فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ دوبارہ وابستہ نہیں ہو سکیں گے۔

فیصلے میں جیو نیوز کو خبردار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی غفلت کی صورت میں اس کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

پیمرا نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیا جائے، اس کی تفصیلات پیمرا کو فراہم کی جائیں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔

اتھارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے تمام لائسنس یافتگان کو علیحدہ ہدایات جاری کی جائیں گی، جبکہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...