بلوچستان میں ’آپریشن شعبان‘ جاری: مزید 4 خارجی ہلاک، مجموعی تعداد 71 ہوگئی

کوئٹہ:(دنیا نیوز) پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سران ٹنگی میں تازہ کارروائی کے دوران مزید 4 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے جس کے بعد آپریشن شعبان میں مارے جانے والے خارجیوں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 109 خارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں آپریشن شعبان کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جن میں ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان شامل ہے۔

 ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں