پمز ہسپتال واقعہ: حافظ نعیم نے حکومتی گڈ گورننس کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے نومولود بچوں کی ہلاکت کے دلخراش واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اور گڈ گورننس کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں پیش آنے والے نہایت افسوسناک واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ان کے مطابق نومولود بچوں کا جھلس کر جاں بحق ہونا انتہائی تکلیف دہ واقعہ ہے اور متاثرہ والدین پر قیامت گزر گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے سوال اٹھایا کہ والدین کا یہ سوال بجا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ اور عملہ کدھر تھا؟ انہوں نے کہا کہ جو لوگ وفاقی دارالحکومت میں واقع ایک ہسپتال کو نہیں سنبھال سکتے، وہ پورا ملک کیسے سنبھالیں گے؟

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت اور اتحادی جماعتوں کی کارکردگی بدترین ہے جبکہ صوبائی حکومتوں کا معاملہ بھی مختلف نہیں۔ ان کے بقول گزشتہ کئی دہائیوں سے یہی سیاسی جماعتیں اقتدار میں آتی رہی ہیں، لیکن معیشت، قیامِ امن، تعلیم اور صحت سمیت تمام اہم شعبوں میں ناکام ہو چکی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتوں کے گڈ گورننس کے نعرے دفن ہو چکے ہیں اور ہسپتال میں پیش آنے والا واقعہ حکمرانی اور عوامی سہولیات کے نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...