ماں اور بیٹے کی ایک ساتھ انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر کے منفرد مثال قائم

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف تعلیمی ادارے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) مدراس کی حالیہ تقریبِ اسناد میں ایک منفرد اور یادگار منظر دیکھنے میں آیا، جہاں 45 سالہ جیگیشا ٹیلر اور ان کے 21 سالہ بیٹے آدتیہ کپاڈیا نے ایک ہی تقریب میں انجینئرنگ پروگرام کی ڈگریاں حاصل کیں۔

ماں اور بیٹے نے آئی آئی ٹی مدراس کے آن لائن ڈیٹا سائنس اینڈ ایپلی کیشنز پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا، اگرچہ دونوں نے مختلف اوقات میں پروگرام میں داخلہ لیا تھا، تاہم اتفاق سے ان کی ڈگریاں ایک ہی تقریبِ اسناد میں عطا کی گئیں۔

جیگیشا ٹیلر گجرات کے شہر بھروچ کے ایک انجینئرنگ کالج میں 16 برس تک الیکٹرانکس کی تدریس سے وابستہ رہیں، لیکن 2019 میں خاندانی ذمہ داریوں کے باعث ملازمت چھوڑ دی، بعد ازاں اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی پر انہوں نے 2022 میں آئی آئی ٹی مدراس کے آن لائن پروگرام میں داخلہ لیا۔

انہوں نے گھریلو مصروفیات کے باوجود صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں باقاعدگی سے تعلیم جاری رکھی، جبکہ ان کے شوہر اور دیگر اہلِ خانہ نے بھی اس سفر میں بھرپور تعاون کیا۔

دوسری جانب آدتیہ کپاڈیا نے 2021 میں اس پروگرام میں داخلہ لیا اور 2024 میں بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ڈیٹا سائنس کے شعبے میں ملازمت اختیار کر لی۔

تقریبِ اسناد کے دوران ایک ہم جماعت کی تجویز پر ماں اور بیٹے کو اسٹیج پر ایک ساتھ ڈگریاں وصول کرنے کا موقع ملا، جس نے اس خوشگوار لمحے کو مزید یادگار بنا دیا۔

جیگیشا ٹیلر اور آدتیہ کپاڈیا کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے تجربے نے نہ صرف ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کیا بلکہ ان کے باہمی تعلق کو بھی مزید مضبوط بنایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...