لائیوسٹاک شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات ناگزیر، جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی: وزیراعظم

اسلام (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر اور جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔

وفاقی دارالحکومت میں لائیوسٹاک کی استعداد کے حوالے سے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے منتظمین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ گرین کارپوریٹ لائیوسٹاک انیشیٹو کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں اور اس شعبے کی ترقی کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر طویل سفر طے کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب صرف باتوں کا وقت نہیں بلکہ عملی اقدامات کو تیز کرنا ہوگا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے جب کہ ہمارے کسان دن رات محنت کرکے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان لائیوسٹاک کے شعبے میں خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار کے حوالے سے دنیا میں چوتھے نمبر پر شمار ہوتا ہے، اس لیے اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے مزید ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی لائیوسٹاک کے شعبےمیں بے پناہ صلاحیت ہے، چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے، چین کےساتھ پاکستان ایگری کلچرریسرچ کونسل کی ٹرانسفارمیشن سےمتعلق بات چیت چل رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لائیوسٹاک کی ترقی کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کرکام کرنا ہوگا، زراعت،لائیوسٹاک کے شعبے میں محنت سے کام کیا جائے تو ایک سال میں معیشت بہترکی جاسکتی ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں میرٹ پر سمجھوتہ کیا جا رہا تھا اور سفارشی لوگوں کو بھیجا جاتا تھا، تاہم انہوں نے پورے نظام کو تبدیل کر دیا ہے، نوجوانوں کی تربیت اور صلاحیتوں کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی گئی تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ چین سے کیا سیکھ کر آئے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ایک ہزار نوجوان زرعی گریجویٹس کو میرٹ کی بنیاد پر چین بھیجا گیا جب کہ مزید ایک ہزار نوجوانوں کو بھی چین بھیجا جائے گا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی زراعت میں انقلاب لایا جا سکتا ہے اور نوجوانوں کی تربیت اس مقصد کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...