ترقیاتی منصوبوں سے دیہی علاقوں کا رخ بدلا جا رہا ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

قصور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ شہداء کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ حکومت پنجاب دیہی علاقوں کی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آج اطلاعات کی فراوانی کے دور میں عوام خود رائے قائم کرتے ہیں، شہداء کے خلاف نامناسب گفتگو پر عوام کے جذبات سامنے آئے اور آئندہ بھی ایسی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات بھی یاد ہیں، جبکہ 10 مئی کے واقعات نے پوری دنیا کی توجہ حاصل کی، ان کا کہنا تھا کہ جس فوج نے ملک کا دفاع کیا، اسے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں، کھڈیاں سمیت دیہی علاقوں کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے وسائل کا رخ دیہی علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے، سڑکوں، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیہی علاقوں کی ترقی اور عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...