حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، تحریری معاہدہ طے

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوگئے اور تحریری معاہدہ طے پا گیا۔

فریقین کا شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق ہوگیا، شہدائے زیارت کے واقعے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں امن و امان کی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں اور شہداء کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس ہوگا، بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

شہدائے زیارت کو مروجہ پالیسی کے تحت شہید قرار دیا جائے گا، لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور معاوضہ پالیسی کے مطابق فراہم کیا جائے گا، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے منسوب کی جائیں گی۔

ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لئے وزیر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی، کمیٹی میں سرکاری افسران اور علاقے کے معتبرین شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء ہمیں بے حد عزیز ہیں، ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے، پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

حکومتی کمیٹی کی سربراہی وزیر صحت بخت کاکڑ کررہے تھے، حکومتی کمیٹی میں صوبائی وزراء ضیاء لانگو، سلیم خان کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، سینیٹر منظور کاکڑ، بلال کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ شامل تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...