ہسپانوی کوچ ڈی لا فوئنٹے نے کھلاڑیوں کو موجودہ نسل کا فخر قرار دے دیا
نیو یارک: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی فاتح ٹیم سپین کے کوچ لوئیس ڈی لا فوئنٹے نے عالمی کپ فائنل میں کامیابی کے بعد اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیم سپین کی موجودہ نسل کے لیے باعثِ فخر ہے۔
کوچ لوئیس ڈی لا فوئنٹے نے کہا ہے کہ میرے لیے اس شاندار سفر کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، ٹیم نے یورپی چیمپئن شپ 2024ء کے بعد عالمی کپ بھی جیت کر اپنی صلاحیت ثابت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اسپین ٹیم کے کھلاڑی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور اتحاد کے ساتھ کھیلنے کی وجہ سے ہی یہ کامیابی حاصل ہوئی، ہم سب مل کر زیادہ مضبوط ہیں۔
سپین کے کوچ کے مطابق میچ کا فیصلہ پہلے ہی ہو جانا چاہیے تھا لیکن ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینیز کی شاندار کارکردگی نے سپین کو جَلد فتح حاصل کرنے سے روکے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کا فائنل ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور ارجنٹائن کے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے باوجود سپین کو آخر تک جدوجہد کرنا پڑی۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز کو 93 ویں منٹ میں دوسری وارننگ کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا جبکہ سپین کی جانب سے فیصلہ کن گول 106 منٹ میں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسپین نے ارجنٹائن کو شکست دے کر ملک کی تاریخ کا دوسرا عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments