اینڈی برنہم نے برطانیہ کے 59ویں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں سیاسی قیادت کی ایک اور بڑی تبدیلی کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما اینڈی برنہم نے باضابطہ طور پر ملک کے نئے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وہ گزشتہ 10 برسوں میں برطانیہ کے 7ویں وزیراعظم بن گئے ہیں، شاہ چارلس سوم نے بکنگھم پیلس میں اینڈی برنہم سے ملاقات کے بعد انہیں نئی حکومت بنانے کی دعوت دی جس کے ساتھ ہی اقتدار کی منتقلی کا آئینی عمل مکمل ہوگیا۔
56 سالہ اینڈی برنہم کو گزشتہ ہفتے لیبر پارٹی کا بلا مقابلہ رہنما منتخب کیا گیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنا استعفیٰ شاہ چارلس سوم کو پیش کیا۔ برطانوی آئینی روایت کے مطابق حکمران جماعت اپنا رہنما تبدیل کرے تو عام انتخابات کے بغیر بھی نیا رہنما وزیراعظم بن سکتا ہے کیونکہ لیبر پارٹی کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہے۔
پیر کی صبح کیئر اسٹارمر نے ڈاؤننگ اسٹریٹ سے اپنی الوداعی تقریر کی، جس میں انہوں نے اقتصادی ترقی اور خالص امیگریشن میں کمی کو اپنی حکومت کی اہم کامیابیاں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اینڈی برنہم کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وزیراعظم کا منصب ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔
اس کے بعد اسٹارمر بکنگھم پیلس پہنچے جہاں انہوں نے شاہ چارلس سوم کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ ان کے روانہ ہونے کے بعد اینڈی برنہم شاہی محل پہنچے جہاں شاہ چارلس نے انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کی باضابطہ دعوت دی۔ برطانیہ میں اس آئینی روایت کو ’کِسنگ ہینڈز‘ کہا جاتا ہے، اگرچہ موجودہ دور میں اس موقع پر حقیقتاً ہاتھ چومنے کی روایت پر عمل نہیں کیا جاتا۔
شاہی ملاقات کے بعد اینڈی برنہم ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم کی حیثیت سے قوم سے اپنا پہلا خطاب کیا اور ملک کے لیے اپنے وژن کا خاکہ پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments