خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونیوالے نقصان کی رپورٹ جاری
پشاور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیبرپختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد، 8 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 23 گھروں کو جزوی جبکہ 7 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم تیز بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments