پی ٹی آئی بائیکاٹ کی سیاست چھوڑ کر جمہوری عمل میں حصہ لے: مراد علی شاہ کا مشورہ

بھٹ شاہ:(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بائیکاٹ کی سیاست چھوڑ کر جمہوری عمل میں حصہ لے۔

   حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے مزار پر حاضری ان کے لیے باعثِ سعادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے امن، محبت، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کا درس دیا جب کہ سندھ صوفیوں اور اولیائے کرام کی دھرتی ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں ہمیشہ امن، خوشحالی، محبت اور یکجہتی قائم رکھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کے حق میں ہمیشہ واضح مؤقف اختیار کیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر صدر آصف علی زرداری تک کشمیر کے مسئلے پر اصولی مؤقف اپنائے ہوئے ہے۔

مراد علی شاہ  نے مطالبہ کیا کہ دو اور دس اگست کے انتخابی مراحل شفاف ہوں اور الیکشن کمیشن کشمیری عوام کو آزادانہ اور بلا خوف و خطر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت ان کی ترقی اور حوصلہ افزائی کو ترجیح دے رہی ہے۔

موٹروے فنڈز کے حوالے سے گورنر سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ رقم پہلے ہی ادا کی جا چکی تھی، انکوائری کے بعد کچھ رقم ریکور بھی کی گئی جبکہ باقی کی وصولی کا عمل جاری ہے، اس لیے گورنر کو درست معلومات فراہم کی جانی چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...