آزاد کشمیر انتخابات: چیف الیکشن کمشنر کا ووٹرز کے نام پیغام جاری

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔

عوام کے نام اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ کل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر کل ووٹنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی 12 نشستوں کے تمام پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نیلم اور جہلم ویلی کے تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق مظفرآباد کے 5 انتخابی حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل آخری مرحلے میں ہے، جبکہ پولنگ عملہ سخت سکیورٹی میں متعلقہ پولنگ سٹیشنز کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے تمام ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کا کوئی متبادل نہیں، ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے، ووٹ ایک امانت ہے اسے دیانتدار اور اہل امیدوار کے سپرد کریں۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں جبکہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...