مریم نواز کا صفائی نظام میں سخت مانیٹرنگ کا حکم، مزید بہتر بنانے کا ہدف
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کو صوبہ بھر میں مزید مؤثر بنانے کے لیے صفائی کے نظام میں بہتری، ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور فیلڈ مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں صفائی کی صورتحال اور پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل ایریاز میں یکساں طرز کے ڈسٹ بن اور گاربیج بیگز استعمال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کمرشل علاقوں سے ویسٹ اٹھانے کے لیے اوقات کار مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے صبح 5 بجے مرکزی سڑکوں کی دھلائی اور صفائی یقینی بنانے جبکہ مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹوں کی صفائی کا بھی حکم دیا، انہوں نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں سے ورکرز کو ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کرلیو انہوں نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں فوری ایکشن لینے اور ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کی واجب الادا رقوم بھی جلد ادا کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں اے ڈی سی سوشل سروسز کو صفائی کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری دینے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ نے علاقائی ضروریات کے مطابق صفائی ورکرز اور میکینکل مشینری کی کمی پوری کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے گرد و نواح میں صفائی یقینی بنانے کے ساتھ پارکس اور گرین بیلٹس میں موجود خالی منرل واٹر بوتلیں، جوس کے ڈبے اور دیگر کچرا ہٹانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے صوبہ بھر میں ریلوے ٹریک کے اردگرد شہری علاقوں کی صفائی، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی روزانہ اور بروقت صفائی اور سبزی و فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ کنٹریکٹرز اور ایم ڈی واساز سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور موٹر سائیکلوں کی برانڈنگ کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں ورکر سے افسر تک ہر سطح پر کارکردگی جانچنے کے لیے ایس او پیز تشکیل دیے جائیں اور کام نہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کنٹریکٹرز کو جرمانہ کرنے سے پہلے 24 گھنٹے میں بہتری لانے کی مہلت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرمانہ کرنا حکومت کا مقصد نہیں بلکہ صفائی یقینی بنانا اصل ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلی محلوں کی صفائی بھی انتہائی ضروری ہے، ستھرا پنجاب میرے دل کے بہت قریب ہے، مزید نتائج کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔"**
اجلاس میں لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور، مری اور دیگر علاقوں کی بہتر کارکردگی کو سراہا گیا، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر علاقوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے سات روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کرلیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments