پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلیے دائر درخواست مسترد
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے میاں عثمان اکرم کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جلسے کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 16 کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ آرٹیکل 16 شہریوں کو پُرامن اجتماع کی اجازت دیتا ہے جبکہ متعلقہ قانون کے تحت ڈپٹی کمشنر جلسے کے لیے این او سی جاری کرتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت جلسے کی اجازت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر جلسہ نہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مینارِ پاکستان ایک عوامی مقام ہے جہاں شہری سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے 3 اگست کو جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست خارج کر دی تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ڈپٹی کمشنر درخواست پر فیصلہ کر چکے ہیں لہٰذا عدالت درخواست کو خارج کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments