جشن آزادی قریب آتے ہی بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار
لاہور: (عبیرہ خان) جشنِ آزادی کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، وفاقی دارالحکومت ہو یا صوبائی، سبز ہلالی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں نے بازاروں، شاہراہوں اور اہم مقامات کی رونقیں بڑھا دی ہیں۔
14 اگست کے قریب آتے ہی پاکستان کے مختلف شہروں کا منظرنامہ سبز و سفید رنگوں میں ڈھلتا جا رہا ہے۔
بازاروں کا رخ کریں تو کہیں قومی پرچموں کی بہار ہے، کہیں سبز و سفید جھنڈیاں اور بیجز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، بچوں کیلئے سبز و سفید لباس، قومی پرچم سے مزین اشیاء اور گاڑیوں کی سجاوٹ کا سامان بھی خریداری کا حصہ بن رہا ہے، ایسے سٹالز اور بازار عموماً شہریوں کی خاص توجہ حاصل کرتے ہیں۔
لاہور سے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا تک، جشنِ آزادی محض سجاوٹ تک محدود نہیں، مختلف علاقوں میں سرکاری تقریبات، پرچم کشائی، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر پروگراموں کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔
اسلام آباد میں جشنِ آزادی کا رنگ نمایاں ہونے لگا ہے، مختلف مقامات پر قومی پرچموں اور سبز و سفید سجاوٹ کے ساتھ شہری بھی یومِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں، شہر میں جشنِ آزادی کے حوالے سے تقریبات اور سرگرمیوں کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں بھی یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں، بالخصوص لاہور میں 14 اگست کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں رواں سال یومِ آزادی کے موقع پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے، جس کے تحت صوبے میں 14 لاکھ پودے لگانے کی تیاری کی گئی ہے۔

یہ رنگ صرف سجاوٹ کے نہیں، بلکہ ایک ایسی قومی یاد کے رنگ ہیں جو ہر سال 14 اگست کو ملک کے قیام کی یاد تازہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب یومِ آزادی کی مناسبت سے بلوچی زبان میں خوبصورت نغمہ ’’پاک اے وطن‘‘ ریلیز کیا گیا ہے۔
وطن سے سچی محبت کا اظہارکرتے ہوئے مشہور بلوچ گلوکار اختر چنال نے اپنے مخصوص روایتی انداز اور جوشیلے بلوچی بولوں کے ذریعے پاک سرزمین سے والہانہ عشق کی عکاسی کی ہے، ثقافت اور حب الوطنی کا حسین سنگم اس بات کا خوبصورت مظاہرہ ہے کہ بلوچستان کا رنگ، سر اور ہر بول پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے دھڑکتا ہے۔
ملی نغمہ میں اس عزم کا اظہار ہے کہ ہمارا پیارا پاکستان صرف ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ہماری پہچان ہے جس کیلئے جان بھی قربان ہے۔
ملی نغمہ میں پاک وطن سے محبت کی یہ گونج ملک کے کونے کونے میں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا روشن پیغام عام کرتی ہے، روح کو گرما دینے والا جذبہ: اختر چنال کے سحر انگیز اور والہانہ اندازِ بیان نے اس حقیقت کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے کہ پاکستان کی محبت ہر وادی، ہر بولی اور ہر دل میں یکساں موجزن ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments