شوگر ملز ایسوسی ایشن کا وزیر فوڈ سکیورٹی کو سرپلس چینی برآمد کیلئے تیسرا خط
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے سرپلس چینی کی فوری برآمد کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا، ایسوسی ایشن نے وزیرِ فوڈ سکیورٹی کو اس حوالے سے تیسرا خط ارسال کر دیا۔
خط کے متن کے مطابق 31 جولائی 2026 تک ملک میں 31 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں جب کہ چینی کی ملکی ماہانہ اوسط کھپت 5 لاکھ 64 ہزار 196 میٹرک ٹن ہے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے لکھا کہ اگلے کرشنگ سیزن کے آغاز پر 11 لاکھ 97 ہزار میٹرک ٹن فالتو چینی کا بڑا ذخیرہ موجود ہوگا، اگلے کرشنگ سیزن میں دوبارہ گنے کی بمپر فصل متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ملکی ضرورت سے زائد تقریباً 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
خط میں لکھا گیا کہ شوگر انڈسٹری کو چینی کے بڑے ذخائر رکھنے کے چیلنج کا سامنا ہے، جبکہ فروخت نہ ہونے والے سٹاک کے باعث شوگر ملز کو فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر 6 لاکھ 33 ہزار ٹن سرپلس چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے، جبکہ باقی فالتو سٹاک کو کرشنگ سیزن شروع ہونے کے ایک ماہ کے اندر برآمد کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments