امریکی ریاست میں اُلوؤں کو ڈرانے کا انوکھا طریقہ
واشگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کیپ کورل کے دو خالی پلاٹوں میں بلیوں کے پُراسرار کٹ آؤٹس (نقلی بلیاں) نصب کیے گئے۔
جنگلی حیات کے ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر وہاں بسنے والے نایاب نسل کے اُلوؤں کو ڈرا کر بھگانے کے لیے کیا گیا۔
مقامی رضاکاروں کے مطابق ایک پلاٹ پر اُلو کے بل کے قریب ایسی 6 نقلی بلیاں نصب کی گئیں، یہ دونوں پلاٹ حال ہی میں فروخت ہوئے ہیں اور ماہرین کا خیال ہے کہ نئے مالکان نے زمین پر تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل مزید الّوؤں کو یہاں بسنے سے روکنے کے لیے یہ انوکھا طریقہ اپنایا۔
چونکہ بلیاں ان اُلوؤں کا سب سے زیادہ شکار کرتی ہیں، اس لیے کٹ آؤٹس کے ذریعے انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
فلوریڈا میں زمین کے اندر بل بنا کر رہنے والے ان اُلوؤں کو وفاقی قانون کے تحت خصوصی تحفظ حاصل ہے اور متعلقہ محکمے کے اجازت نامے کے بغیر ان کے بلوں کو چھیڑنا یا انہیں بےدخل کرنا سختی سے غیر قانونی ہے۔
وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے پلاٹوں کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی اقدامات کر رہے ہیں۔
تنظیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان نایاب پرندوں کی جان بچانے کے لیے اپنی پالتو بلیوں کو بھی گھروں کے اندر تک محدود رکھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments