نیشنل چیمپئنز کپ: پاکستان وائٹس نے پاکستان بلوز کو 6 رنز سے شکست دے دی
ملتان: (دنیا نیوز) نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان وائٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان بلوز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان بلوز نے ٹاس جیت کر پاکستان وائٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان وائٹس کی ٹیم 49.3 اوورز میں 245 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کپتان صائم ایوب 22 رنز بنا سکے جبکہ اوپننگ بیٹر شاہ زیب خان نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان بلوز کی جانب سے محمد فائق نے 3 وکٹیں حاصل کیں، معاذ صداقت نے 2 جبکہ حسن علی، عاکف جاوید، عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان بلوز کی ٹیم 49.4 اوورز میں 239 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان وائٹس نے 6 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ معاذ صداقت نے 59 جبکہ محمد فائق نے 54 رنز بنائے۔
پاکستان وائٹس کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہ نواز دھانی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیشنل چیمپئنز کپ میں آج چوتھا میچ پاکستان گولڈ اور پاکستان گرینز کے درمیان کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments