پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا بھی حکومت سے مارجن بڑھانے کا مطالبہ
کراچی:(دنیا نیوز) پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی حکومت سے پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیرِ پٹرولیم کو خط لکھ کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں فوری اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔
او سی اے سی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ تین سال سے اپنے پرافٹ مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
کونسل کا کہنا تھا کہ کمپنیاں بڑھتے ہوئے مالی اور ریگولیٹری بوجھ کا سامنا کر رہی ہیں جس کے باعث ان کے لیے کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل ناظر عباس زیدی نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے، جس میں مزید 2 روپے 23 پیسے کا اضافہ کیا جانا چاہیے۔
ناظر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرِ پٹرولیم کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 1 روپے 22 پیسے اضافے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی، تاہم کمپنیوں کے مالی مسائل کے پیش نظر مارجن میں مزید اضافہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ او سی اے سی سے وابستہ ملٹی نیشنل آئل انویسٹرز بھی مختلف مسائل کا شکار ہیں، بڑھتے ہوئے اخراجات، مالی دباؤ اور ریگولیٹری تقاضوں کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے موجودہ مارجن پر کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
او سی اے سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں فوری اور مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ کمپنیوں کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہوسکے اور پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کا نظام مستحکم رکھا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments