فلسطینیوں پر تشدد تشویشناک، دو ریاستی حل پر عمل کیا جائے: پوپ لیو

میلان: (ویب ڈیسک) پوپ لیو نے مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے دو ریاستی حل کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔

پوپ لیو کا مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف جاری تشدد فوری طور پر روکنے کا مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور مغربی کنارے کے گاؤں قصرا میں فلسطینی آبادی کو محاصرے کی صورتحال کا سامنا ہے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے پانی اور بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے بعد متعدد گھروں کو گھیرے میں لے لیا، تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مزید فلسطینی اراضی پر قبضہ کرنے کی منظم کوشش کا حصہ ہیں، جس سے مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مختص علاقوں کا دائرہ مزید محدود ہو رہا ہے۔

روم کے قریب واقع کاسٹل گاندولفو میں دوپہر کی عبادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہری آبادی کے خلاف بار بار ہونے والے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ دہراتے ہیں، انہوں نے کسی مخصوص واقعہ یا فریق کا نام لیے بغیر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ویٹی کن طویل عرصے سے فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 150 سے زائد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں، جس میں غزہ، مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم شامل ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی دائیں بازو کی اتحادی حکومت نے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی بڑے پیمانے پر تعمیر جاری رکھی ہے، جبکہ وزیر خزانہ بزلیل سموٹریچ کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کے تصور کو ختم کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...