عمران خان کے علاج پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، فریقین فیصلہ سبوتاژ نہ کریں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، دونوں فریقین سے درخواست ہے کہ اس فیصلے کو سبوتاژ نہ کیا جائے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے اپیل دائر کی گئی ہے تاہم ابھی اسے نمبر الاٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہوگا، ہم نے کل بھی واضح کیا تھا کہ فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے بھی اپیل ہے کہ ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس سے فیصلے پر منفی اثرات مرتب ہوں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، مقتدرہ اور حکومت سے درخواست ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد ہونے دیا جائے۔

 بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی چیئرمین کا مزاج ہے کہ وہ صحت اور علاج کی حد تک ہسپتال میں رہیں گے، اس فیصلے تک پہنچنے کے لیے ہم نے بہت کوششیں کی ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ فریقین سے درخواست ہے کہ دل بڑا کریں، حکومت کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم نے ہر طرح کی انڈرٹیکنگ دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ان افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ روز ملاقات کروانے میں کردار ادا کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...