امریکا کا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل کیلئے خفیہ شپنگ کوریڈور قائم کرنے کا دعویٰ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے ذریعے روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی محفوظ ترسیل کے لیے خاموشی سے ایک شپنگ کوریڈور قائم کرلیا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق دو امریکی حکام نے بتایا کہ وسیع تر جنگ میں تعطل کے باوجود یہ آپریشن امریکی فوج کی ایک نمایاں کامیابی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری خفیہ آپریشن کے تحت ہر رات عمان کے ساحل کے ساتھ جنوبی چینل کے ذریعے 15 سے 20 آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں داخل یا خارج ہوتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق اس وقت روزانہ تقریباً ایک کروڑ بیرل تیل آبنائے ہرمز سے بحفاظت عالمی توانائی مارکیٹ تک پہنچایا جا رہا ہے، جو جنگ سے قبل کے حجم کا تقریباً نصف ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج صرف آئل ٹینکرز کو حفاظتی حصار میں آبنائے ہرمز سے باہر نکالنے تک محدود نہیں، بلکہ خالی ٹینکرز کو بحیرہ عرب سے آبنائے کے راستے خلیج میں داخل ہونے، خطے کے ممالک سے تیل بھرنے اور پھر بحفاظت واپس نکلنے میں بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔
معاملے سے براہ راست آگاہ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا گزشتہ دو ماہ سے آبنائے ہرمز کی جنوبی لین کو کنٹرول کر رہا ہے۔ عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ پاسداران انقلاب اس عمل میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں، تاہم آبنائے ہرمز کا کنٹرول ان کے پاس نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہرمز آپریشن کی نگرانی کرنے والی ٹاسک فورس نارتھ کیرولائنا کے فورٹ بریگ میں آرمی ہیڈکوارٹرز سے کام کر رہی ہے اور خلیجی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ٹاسک فورس روزانہ جہازوں کی فہرستیں تیار کرتی ہے اور انہیں مخصوص شیڈول کے تحت رات کے وقت بڑے قافلوں کی صورت میں گزارا جاتا ہے، اس دوران امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایرانی کروز میزائلوں اور ڈرونز کے خلاف فضائی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ آپریشن امریکی سینٹرل کمانڈ کی دو ہفتوں پر محیط فوجی مہم کے بعد ممکن ہوا، جس کے نتیجے میں ایران کے ریڈار اور سمندری نگرانی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔
ایگزیوس کے مطابق اس کارروائی کے بعد ایران کی جنوبی چینل میں بحری ٹریفک کی نگرانی کرنے کی صلاحیت نمایاں طور پر کم ہوگئی ہے۔ ایرانی فورسز جہازوں کے ممکنہ راستوں کی جانب اندازے سے ڈرونز اور کروز میزائل داغ رہی ہیں، تاہم امریکی فوج نے زیادہ تر حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments