ایران نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشت گردی قرار دے دیا

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشت گردی کا اقدام قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط لکھ دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے یا دیگر ممالک کو اپنی مہم میں شامل کرنے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دیگر ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات منقطع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، کیونکہ ان کے باعث خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوتی ہے، جو زندگی، صحت، خوراک اور مناسب معیارِ زندگی سمیت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ایران نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد کی گئی یکطرفہ جبری پابندیوں اور ثانوی پابندیوں کی مذمت اور انہیں مسترد کریں۔

عباس عراقچی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم یا ان پر عمل درآمد نہ کریں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات تبدیل کرنے کے لیے تیسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کا عمل فوری طور پر روکنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...