پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے احکامات جاری کر دیے۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے بھر کے 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے، جہاں ضرورت کے مطابق فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے، آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹ انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا۔

تمام واسا ایجنسیوں کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، بڑے سرکاری ہسپتالوں کے قریب پہلے سے موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی اور فعالیت کا بھی فوری جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ مؤثر فائر فائٹنگ کے لیے ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹ نظام کو مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق نئے فائر ہائیڈرنٹس بھی نصب کیے جائیں گے۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ ہاؤسنگ اور متعلقہ ادارے ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب میں بھی معاونت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں قیمتی اور معصوم انسانی جانوں کے نقصان کے پیش نظر پنجاب میں بڑے سرکاری ہسپتالوں کے لیے آگ سے بچاؤ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...