پاکستان، ترکیہ اور سعودیہ مشترکہ سلامتی و اجتماعی دفاع کیلئے متحد ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے لئے متحد ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو یومِ فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30 اگست غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے، پاکستان ترک عوام کے ساتھ جرأت اور قومی عزم کی قابلِ فخر میراث کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دلوں کے رشتے ہیں، پاک ترک تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ ایمان، تاریخ اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کیلئے متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری کا اظہار ہے، پاکستان ترکیہ کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے، پاک ترک شراکت داری تمام شعبوں میں مزید گہری کی جائے گی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی ہمارا عزم ہے، پاک ترک دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ نسل در نسل مزید مضبوط ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments