نیپال میں مزید سیلاب کا الرٹ، ہلاکتیں 750 سے متجاوز، 2,498 افراد لاپتہ
کھٹمنڈو: (دنیا نیوز) نیپال اور تبت تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 750 سے بڑھ گئی ہے ، جبکہ 3044 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، نیپال میں مزید سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
نیپال میں ریسکیو کارروائیاں پانچویں روز بھی جاری ہیں اور اب تک 3,700 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق شدید سیلاب اور مٹی کے تودوں کے باعث متاثرہ علاقوں تک رسائی بدستور ایک بڑا چیلنج ہے، نیپال میں 18 ہزار سے زیادہ امدادی کارکن ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
حکام نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امداد پہنچانے کا عمل تیز کر دیا ہے اور بعض مقامات پر ریسکیو کے لیے ڈرونز کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

سیلاب میں بڑی تعداد میں غیر ملکی شہری بھی متاثر ہوئے ہیں، نیپال ٹورزم بورڈ کے مطابق 261 غیر ملکی شہریوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید 320 غیر ملکی تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو کیے جانے والوں میں 167 انڈین، 40 چینی، آٹھ یوکرینی، چار جرمن، چار مالٹیز اور تین امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی نیپال میں نمائندہ لیلا پیٹرز یحییٰ نے بتایا ہے کہ امدادی سامان تو پہنچ رہا ہے، مگر متاثرین تک پہنچانا انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔
لیلا پیٹرز یحییٰ کے مطابق بھارت اور چین کی ریسکیو ٹیمیں جو گزشتہ روز پہنچی ہیں، اضافی مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن راستوں کی خراب صورتحال امدادی کام میں بڑی رکاوٹ ہے، رسائی بہت مشکل ہے، اسی لیے امداد لوگوں تک پہنچانا بھی مشکل ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سامان کی ایئرلفٹنگ شروع کر دی ہے، جبکہ ڈرون کے ذریعے امداد پہنچانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خراب موسمی حالات بھی ہمارے لیے مسئلہ بن رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments