نائب وزیراعظم اسحاق ڈار برطانیہ کا دورہ مکمل کرکے ترکیہ پہنچ گئے

استنبول: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار برطانیہ کا دورہ مکمل کر کے اہم سرکاری مصروفیات کے سلسلے میں ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں۔

ایئرپورٹ پر ترک حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں اور پاکستانی سفیر نے ان کا شاندار استقبال کیا، جس کے بعد وہ اپنی باقاعدہ سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اتوار کو اپنے سرکاری دورے پر ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول پہنچے ہیں۔

ہوائی اڈے پر ان کی آمد کے موقع پر شاندار استقبالیہ انتظامات کیے گئے تھے۔ انہیں خوش آمدید کہنے والوں میں ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف فار ایڈمنسٹریشن بریگیڈیئر جنرل شنول وارول نمایاں تھے۔

ان کے ہمراہ ترک وزارتِ خارجہ کے سفیر جہاد ایرگینے، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترک حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دہائیوں پر محیط گہرے سفارتی، تجارتی اور عسکری تعلقات قائم ہیں اور دونوں برادر ممالک مختلف علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان انہی مضبوط برادرانہ تعلقات کی ایک اہم کڑی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...