لمپی سکن ڈیزیز، بروسیلا ویکسینز کا عطیہ، چینی حکومت کا تعاون قابل تحسین ہے: رانا تنویر حسین

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کی جانب سے پاکستان کو لمپی سکن ڈیزیز (LSD) اور بروسیلا کے خلاف ویکسینز کا عطیہ دیا گیا۔

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کو ویٹرنری ویکسینز کی فراہمی کی تقریب میں شرکت کی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی حکومت، وزارت زراعت و دیہی امور اور چینی سفارتخانے کا قیمتی تعاون قابل تحسین ہے، پاک چین دوستی آزمودہ اور دیرینہ تعلقات پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون سفارتی تعلقات سے بڑھ کر زراعت، لائیو سٹاک، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی تک پھیلا ہوا ہے، لائیو سٹاک پاکستان کی زرعی معیشت اور دیہی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ لاکھوں کسانوں، خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کے لیے لائیو سٹاک آمدن اور غذائی تحفظ کا اہم ذریعہ ہے، جانوروں کی صحت کا تحفظ لائیو سٹاک کی پیداوار اور کسانوں کے معاشی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لمپی اسکن ڈیزیز سے دودھ کی پیداوار میں کمی، وزن میں کمی اور کسانوں کو معاشی نقصانات کا سامنا ہوسکتا ہے، بروسیلا بھی مویشیوں کی پیداوار اور افزائش نسل کو متاثر کرنے والی اہم بیماری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے ویکسینز کی فراہمی پاکستان میں جانوروں کی بیماریوں سے بچاؤ کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی، پاکستان زراعت، لائیو سٹاک، ویٹرنری سروسز اور بیماریوں پر قابو پانے میں چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے زرعی تحقیقی اداروں، جامعات اور ماہرین کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا، عطیہ کردہ ویکسینز کو تمام متعلقہ تکنیکی اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینز کے معیار، کولڈ چین، مناسب استعمال اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا، وفاقی و صوبائی ادارے جانوروں کی صحت کے تحفظ کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے آر سی میں آج کا فیلڈ ڈیمونسٹریشن پاک چین زرعی تعاون کا عملی مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...