شادمان حادثہ: ٹریفک اسسٹنٹ معطل، واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں: ترجمان ٹریفک پولیس

لاہور: (دنیا نیوز) شادمان کے علاقے میں بغیر ہیلمٹ تیز رفتار موٹرسائیکل سوار شہری کا ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرانے اور جاں بحق ہونے کے معاملے پر سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو پہلے ہی معطل کردیا ہے جبکہ ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان واقعہ کی انکوائری کررہے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ نے 26 اگست کو شادمان کے علاقے میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار زین کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، موٹرسائیکل سوار رکنے کی بجائے آگے نکلنے کی کوشش میں ٹریفک اسسٹنٹ سے جا ٹکرایا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹرسائیکل سوار زین دونوں زخمی ہوئے تھے، دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق افسوسناک حادثے میں زخمی موٹرسائیکل سوار زین پانچ روز سروسز ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد چل بسا جبکہ ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے جاں بحق شہری زین کے اہلِ خانہ سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری کی افسوسناک موت پر متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور کی طرف سے ٹریفک اسسٹنٹ کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے جبکہ ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان واقعہ کی انکوائری کررہے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ آئی جی پنجاب کو واقعہ کی تفصیلی انکوائری رپورٹ جلد بھجوا دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...