ٹرمپ کی ایران سے جنگ جیتنے پر تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی پیشگوئی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کی فتح کے بعد تیل اور پٹرول کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد تیل کی قیمتیں ’بہت تیزی سے‘ نیچے آئیں گی اور امریکی صارفین کے لیے پٹرول کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی گیلن تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ بالآخر یہ 2 ڈالر فی گیلن سے بھی کم ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران جنگ اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی منڈی دباؤ کا شکار ہے۔
حالیہ کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بلند ہوئی ہیں اور مارکیٹ میں سپلائی کے حوالے سے خدشات برقرار ہیں، برینٹ خام تیل کی قیمت حالیہ دنوں میں 98 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد صورتحال تیزی سے معمول پر آئے گی، تاہم ان کی جانب سے پٹرول کی قیمت 2 ڈالر فی گیلن سے نیچے آنے کی پیشگوئی ایک سیاسی دعویٰ ہے، جس کا عملی انحصار عالمی تیل کی سپلائی، جنگ کے خاتمے اور مارکیٹ کی صورتحال پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments