منتخب اسکولز کے کھلاڑیوں کی تربیت اور غذائیت پر توجہ دیں گے، محسن نقوی

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسکول کرکٹ کو قومی کرکٹ کی بنیاد قرار دے دیا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بھر کے 1400 سکولز سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال 21 ہزار طلبہ سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک ہوں گے اور اس پروگرام میں 2900 میچز کھیلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1400 اسکولز میں سے 50 بہترین ٹیمیں پی سی بی اپنائے گا منتخب اسکولز کے کھلاڑیوں کی تربیت اور غذائیت پر توجہ دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 21 ہزار بچوں کی انفرادی کارکردگی بھی مانیٹر کی جائے گی، سکول کرکٹ کے لیے الگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ اسکول کرکٹ کو سالانہ نہیں مستقل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بنانا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ پروگرام میں گوادر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی شامل ہیں۔ پی سی بی کی اکیڈمی میں تقریبا25 بچوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولز کی تعداد 1400 سے بڑھا کر 2000 تک لے جانے کا ہدف ہے، طویل المدتی ہدف اسکول کرکٹ کو 3000 سے 5000 اسکولز تک پہنچانا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مسئلہ سہولیات اور رسائی کا ہے، اسکول کرکٹ کی کوریج سے دور دراز علاقوں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی کے تقریباً 70 گراؤنڈز دوبارہ بورڈ کے پاس آچکے ہیں۔ حیدرآباد اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے سندھ حکومت سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول کرکٹ کی کامیابی پی سی بی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوشش سے ممکن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...