دو ماہ میں ترسیلات زر 6.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں: احسن اقبال کا دعویٰ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو ماہ میں ترسیلات زر 6.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
وفاقی دارلحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ عارضی نہیں بلکہ طویل مدت کے لیے مستحکم بنیادوں پر ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جولائی سے اگست کے دوران آئی ٹی برآمدات 81 کروڑ ڈالر رہیں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر پاکستان بھیج رہے ہیں، جبکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ترسیلات زر کی مجموعی رقم 6.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا تحریک انصاف کے دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس دور میں درآمدات 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس سے روپے کی قدر متاثر ہوئی، درآمدات کو 80 ارب ڈالر تک پہنچا کر حاصل کی گئی 6 فیصد معاشی ترقی مصنوعی تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر اسی شرح سے معاشی ترقی برآمدات میں اضافے کے ذریعے حاصل کی جاتی تو اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ برآمدات میں پائیدار اضافے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر مرکوز ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments