یورپی یونین کا روس کیخلاف 22واں پابندی پیکیج، 1500 سے زائد افراد اور کمپنیاں نشانے پر
ماسکو: (شاہد گھمن) یورپی یونین کے سفیروں نے روس کے خلاف پابندیوں کے 22ویں پیکیج پر اتفاق کر لیا ہے، جس میں روسی دفاعی شعبے سے منسلک 1500 سے زائد افراد اور کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز شامل ہے۔
یورپی ذرائع کے مطابق نئے پیکیج میں روس سمیت متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والی دفاعی اور دیگر کمپنیاں اور افراد شامل ہوں گے، یورپی یونین کا دعویٰ ہے کہ فہرست میں شامل بعض ادارے دوہرے استعمال کی مصنوعات تیار کرتے ہیں، جنہیں شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے پیکیج میں مجموعی طور پر 1570 افراد اور قانونی اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، اس سے روس کے خلاف یورپی پابندیوں کی موجودہ فہرست میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔
نئے پیکیج میں بڑی نوعیت کی اضافی تجارتی یا اقتصادی پابندیاں شامل نہیں، تاہم ایک ہی وقت میں بلیک لسٹ کیے جانے والے افراد اور کمپنیوں کی تعداد کے اعتبار سے یہ خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد یورپی یونین کا سب سے بڑا پابندی پیکیج ہوگا۔
گزشتہ 4 برسوں کے دوران یورپی یونین کے 20 سے زائد پابندی پیکیجز کے تحت 3 ہزار سے زیادہ روسی افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے۔
پابندیوں کے تحت متعلقہ افراد کے یورپی یونین میں داخلے پر پابندی اور وہاں موجود اثاثے منجمد کیے جاتے ہیں، پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں کے اثاثے بھی منجمد ہوں گے اور یورپی یونین کے شہریوں اور اداروں کو ان کے ساتھ مشترکہ کاروباری سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ایسٹونیا نے یورپی یونین سے ایک روسی کمپنی اور اس سے منسلک ایک شخص کو 22ویں پابندی پیکیج سے عارضی طور پر نکالنے کی درخواست کی ہے۔
یورپی یونین میں ایسٹونیا کے مستقل مشن کی ترجمان کرسٹن لیپک کے مطابق متعلقہ روسی کمپنی ایسٹونیا میں قائم ایک ادارے کو ایسے مواد فراہم کرتی ہے جو یورپ کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسٹونین کمپنی روس سے درآمد کیے جانے والے مواد کے متبادل ذرائع تلاش کررہی ہے، اس روسی کمپنی اور متعلقہ شخص کو پابندیوں میں شامل کرنے کے معاملے کا آئندہ سال دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
لتھوانیا نے بھی یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ روسی غذائی اجناس کی یورپی علاقے کے راستے ترسیل پر پابندی عائد کی جائے اور روس کے زرعی شعبے سے وابستہ متعدد افراد کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments