برطانیہ میں امریکی اہلکاروں کے زیر استعمال ایئر بیس میں داخلے پر 2 افراد گرفتار
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں امریکی اہلکاروں کے زیر استعمال رائل ایئر فورس بیس میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے پر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
انسداد دہشت گردی پولیس کے مطابق 32 اور 36 سالہ دونوں افراد کو مشرقی انگلینڈ میں واقع آر اے ایف مولز ورتھ کے اندر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب سکیورٹی گشت کے دوران مشتبہ لاوارث گاڑی ملی اور بیس کی حفاظتی باڑ میں معمولی شگاف کا بھی انکشاف ہوا۔
دونوں افراد پر برطانیہ کے لئے نقصان دہ مقصد کے تحت ممنوعہ مقام میں داخل ہونے کے قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال اس واقعے کا چند ہفتے قبل آر اے ایف فیئر فورڈ حملے کی سازش سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔
آر اے ایف مولز ورتھ میں امریکی اہلکاروں کے علاوہ انٹیلی جنس اور کمانڈ آپریشنز سے متعلق مراکز اور نیٹو کا ایک انٹیلی جنس مرکز بھی موجود ہے جس کے باعث برطانوی حکام نے فوجی تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments