یوکرین کے روس میں 20 سے زائد علاقوں پر ڈرون حملے، 399 ڈرون تباہ

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے رات بھر روس کے مختلف علاقوں اور بحیرہ اسود کے اوپر 399 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کر دیا، حملوں کے دوران ریازان ریجن میں روسی ٹیکنالوجی کمپنی یانڈیکس کے ڈیٹا سینٹر میں آگ لگ گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں صنعتی تنصیبات، بجلی کے نظام اور رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق 7 اکتوبر کی رات 8 بجے سے 8 اکتوبر کی صبح آٹھ بجے تک یوکرین کے 399 فکسڈ ونگ ڈرونز کو روکا اور تباہ کیا گیا۔

ڈرونز کو بیلگوروڈ، بریانسک، وولگوگراڈ، وورونژ، کرسک، لیپٹسک، اوریول، اورنبرگ، پینزا، روستوف، ریازان، سمارا، ساراتوف، اسمولینسک، تامبوف، تولا، اولیانوفسک، ماسکو، باشکورتوستان اور تاتارستان سمیت 21 روسی علاقوں، جمہوریہ کریمیا اور بحیرہ اسود کے اوپر مار گرایا گیا۔

روستوف ریجن کے گورنر یوری سلیوسر کے مطابق کامینسک شاختنسکی اور متعدد اضلاع کے اوپر 30 سے زیادہ ڈرونز تباہ کیے گئے، وورونژ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے علاقے کے اوپر 26 ڈرونز مار گرانے کی اطلاع دی، جبکہ ریازان ریجن میں دو ڈرونز کو روکا گیا۔

ریازان ریجن کے شہر ساسوو میں ڈرون حملے کے نتیجے میں یانڈیکس کے ڈیٹا سینٹر میں آگ لگ گئی اور تنصیب کے بنیادی ڈھانچے کا ایک حصہ متاثر ہوا۔

کمپنی کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ڈیٹا سینٹر کا کام مکمل طور پر معطل کردیا گیا ہے اور یانڈیکس کی بعض سروسز عارضی طور پر دستیاب نہ ہونے کا امکان ہے۔

یانڈیکس نے بتایا کہ متاثرہ کلاؤڈ زون کا بوجھ دیگر دستیاب زونز پر منتقل کردیا گیا ہے، دوسرے علاقوں میں کمپنی کی سروسز معمول کے مطابق کام کررہی ہیں، تاہم کلاؤڈ انفرااسٹرکچر میں نئے وسائل بنانے کی سہولت محدود ہوسکتی ہے۔

ریازان کے ساسووسکی ضلع میں ایک صنعتی ادارے کی چھت پر بھی آگ لگی اور متعدد نجی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، حکام کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ہنگامی ادارے متاثرہ مقامات پر کام کررہے ہیں۔

باشکورتوستان کے شہر سلاوات کے صنعتی علاقے میں مار گرائے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، متعلقہ صنعتی ادارے میں کام جاری رہا اور کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

کراسنودار میں بھی ڈرون کا ملبہ ایک صنعتی ادارے کی حدود میں گرا، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا اور آگ لگ گئی۔ امدادی کارکنوں نے آگ پر فوری قابو پالیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کریمیا کے مغربی اور وسطی علاقوں میں ڈرون حملوں کے بعد متعدد آبادیوں کی بجلی منقطع ہوگئی، بجلی کی سرکاری کمپنی کے مطابق مرمتی کام کے لیے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی محدود کی گئی ہے اور متبادل نظام استعمال کیے جارہے ہیں۔

ڈونیٹسک شہر کے کیروفسکی ضلع میں ڈرون حملے سے 1981 میں پیدا ہونے والا ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا، حملے میں ایک نجی مکان کی کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

گورلووکا کے کالیننسکی ضلع میں روٹ نمبر دو اور انیس پر چلنے والی دو مسافر بسیں بھی متاثر ہوئیں، دونوں بسوں کے ڈرائیور کی جانب کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...