جیمز اینڈرسن نے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام بتادیا

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا۔

جیمز اینڈرسن نے یہ بات کرکٹ سے متعلق حالیہ ویڈیو میں کیا ہے، جس میں انہوں نے مختلف ممالک کے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے نام بتائے ہیں۔

اینڈرسن نے آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، بھارت سے ویرات کوہلی، نیوزی لینڈ سے ٹم ساؤتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کو منتخب کیا ہے۔

44 سالہ جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، انہوں نے مارچ 2024ء میں 700 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں اور جولائی 2024ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں اپنا 188واں اور آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کی نمائندگی ختم کر دی تھی۔

وہ لنکاشائر کی جانب سے کھیلتے رہے اور 2026ء میں کاؤنٹی کی ریڈ بال ٹیم کی قیادت بھی کی، رواں سیزن میں انہوں نے 17.68 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں، تاہم لنکاشائر ڈویژن ٹو میں 8 ٹیموں میں ساتویں نمبر پر رہی۔

25 اکتوبر کو لنکاشائر نے تصدیق کی کہ وہ 2027ء کے لیے اینڈرسن کو نیا معاہدہ پیش نہیں کرے گی، جس کے بعد کاؤنٹی کے ساتھ ان کا 25 سالہ تعلق ختم ہو گیا، اینڈرسن نے اس علیحدگی کو اپنی خواہش کے برعکس اختتام قرار دیا، تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔

دوسری جانب بابر اعظم ان دنوں خراب فارم سے گزر رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کی حالیہ سہ ملکی سیریز کے 4 میچز میں 118 رنز بنائے جبکہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

بابر اعظم نے نومبر 2025ء میں سری لنکا کے خلاف اپنی 20 ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، جس کے بعد سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے 5 اننگز میں 91 رنز بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...