لاہور ہائیکورٹ نے 2 سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم کو بری کر دیا

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے دو سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم شاہ نواز کو بری کر دیا، عدالت نے ٹریکٹر تلے کچل کر بچی کو ہلاک کرنے کے الزام میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کردہ دیت کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ملزم شاہ نواز کی جیل اپیل منظور کرتے ہوئے 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے ملزم شاہ نواز کو 20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کی سزا سنائی تھی، جسے سیشن کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا، تاہم لاہور ہائیکورٹ نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کو بری کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعیہ سکینہ بی بی نے دورانِ جرح تسلیم کیا کہ اس نے خود حادثہ ہوتے نہیں دیکھا، بچی کے والد کے بیان میں بھی بعد ازاں بہتری سامنے آئی اور اس کا بیان دفعہ 161 ضابطہ فوجداری کے تحت ریکارڈ کئے گئے ابتدائی بیان سے متضاد تھا، عدالت نے قرار دیا کہ بچی کی والدہ کلثوم بی بی کو بطور گواہ پیش نہ کرنے سے بھی استغاثہ کے خلاف منفی قیاس آرائی پیدا ہوتی ہے، عدالت نے مقدمے کے اندراج میں غیر معمولی تاخیر پر بھی سوالات اٹھائے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق واقعے کے تقریباً چھ ماہ اور 26 دن بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی، تاہم اس غیر معمولی تاخیر کی کوئی معقول وضاحت پیش نہیں کی جا سکی۔

تحریری فیصلے میں تفتیشی خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ کسی ڈرائیور نے جان بوجھ کر ٹریکٹر بچی پر نہیں چڑھایا تھا، مبینہ طور پر برآمد کیا گیا ٹریکٹر بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی فرانزک شہادت سامنے آئی جس سے اس ٹریکٹر کو وقوعہ سے منسلک کیا جا سکتا۔

عدالت نے قرار دیا کہ قبر کشائی کے دوران ملنے والے ڈھانچے کی شناخت بھی قابلِ اعتماد شواہد سے ثابت نہیں ہو سکی، لیڈی ڈاکٹر نے اپنے بیان میں تسلیم کیا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتیں کہ برآمد ہونے والا ڈھانچہ ہیکل بی بی کا ہی تھا، ڈھانچے کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ اور ایکسرے نہیں کرائے گئے جبکہ ہڈیوں کے فریکچر کی تصدیق بھی نہیں ہوئی۔

فیصلے کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ سے نہ تو ڈھانچے کی شناخت ثابت ہوئی اور نہ ہی موت کی وجہ کا تعین ہو سکا، عدالت نے نمونوں کی تحویل اور منتقلی کے ریکارڈ یعنی چین آف کسٹڈی میں موجود خامیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں قبر کشائی کے عمل کے حوالے سے رہنما اصول بھی جاری کیے اور قرار دیا کہ ایسے معاملات میں قانونی تقاضوں، شناخت کے تعین اور فرانزک شواہد کی محفوظ تحویل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ شواہد ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے کیلئے کافی نہیں، چنانچہ ملزم شاہ نواز کی جیل اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کرنے اور فوری رہا کرنے کا حکم دیا، تاہم رہائی کو اس شرط سے مشروط کیا گیا ہے کہ وہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...