صحت کا نظام بہتر بنانے کیلیے نجی شعبے کا کردار ضروری ہے، نگار جوہر

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر صحت خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم نظام صحت کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا کہ ایک ہزار بچوں میں سے 42 بچے دورانِ زندگی یا پیدائش کے مراحل میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جبکہ متعدد مائیں بھی بچوں کی پیدائش کے دوران وفات پا جاتی ہیں۔ دورانِ زچگی اموات کی شرح میں کمی لانا ضروری ہے۔

صوبے کے ہسپتالوں میں بستروں اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے جبکہ بعض اسپتالوں میں ایک بستر پر تین مریض زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 40 فیصد بچوں کی نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ پولیو دنیا سے ختم ہو چکا ہے، تاہم پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک ہیں جہاں اب بھی پولیو موجود ہے۔ پولیو کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔

نگار جوہر کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح پرائمری ہیلتھ کیئر ہے اور اس شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ ڈیجیٹائزیشن نہ ہونے کی صورت میں نظام میں خامیوں اور بے ضابطگیوں کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے ادویات کے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کا معیار بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے بہتری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ادویات کے نمونے جمع کرنے کے لیے پانچ موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پانچ ڈویژنز کو فراہم کی گئی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا کہ گزشتہ دنوں 250 نئے ڈاکٹرز بھرتی کیے گئے ہیں۔ بعض ایسے مقامات پر جہاں ڈاکٹروں کی ضرورت نہیں، وہاں ایک ہی سیٹ پر تین ڈاکٹرز موجود ہیں، جبکہ جن شہروں میں ڈاکٹروں کی ضرورت ہے وہاں یہ کمی پوری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو مردان کا منصوبہ 2012 سے شروع ہے لیکن اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو فعال کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔

نگار جوہر نے کہا کہ خواتین میں زچگی کے بعد اموات کی شرح میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات بھی اہم ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں چھاتی کے کینسر کا ابھی تک کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ویکسین کی تیاری اور تربیت کے عمل کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...