امریکی مصور نے 43.5 سیکنڈ میں سٹیچو آف لبرٹی کی تصویر بنا کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

نیویارک: (ویب ڈیسک) گنیز ورلڈ ریکارڈز کا 22 واں سالانہ عالمی دن جمعرات کو منایا جا رہا ہے، جس کے موقع پر دنیا بھر میں قائم ہونے والے نئے اور منفرد عالمی ریکارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔

ان منفرد کارناموں میں امریکی پرفارمنس پینٹر ڈیوڈ گیریبالڈی نے صرف 43.5 سیکنڈ میں امریکا کے مشہور تاریخی مجسمے ’ سٹیچو آف لبرٹی ‘ کی پینٹنگ بنا کر تیز ترین مصوری کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

ڈیوڈ گیریبالڈی نے یہ کارنامہ نیویارک سٹی کے ساحلی مقام پر انجام دیا، جہاں سے مجسمہ آزادی واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔

اس منفرد اعزاز کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گیریبالڈی نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ تھا، جس میں روایتی اسٹیج پرفارمنس کے بجائے مکمل توجہ رفتار پر مرکوز رکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لیے اور دنیا کے لیے ایک نیا معیار قائم کرنا چاہتے تھے۔ امید ہے کہ ان کا یہ کارنامہ بچوں اور بڑوں کو بڑے اہداف کے حصول کے لیے کوشش کرنے کی ترغیب دے گا، کیونکہ کوشش کے دوران انسان خود بخود عظیم بن جاتا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے آفیشل جج مائیکل ایمپرک نے اس کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی دن منانے کا مقصد ایسے یادگار اور غیر معمولی کارناموں کا جشن منانا ہے۔ نیویارک کے ساحل پر مجسمہ آزادی کی پینٹنگ بنا کر ریکارڈ قائم کرنا اس دن کے لیے بہترین انتخاب تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...