پی آئی اے کو اجازت نہ ملی تو کویتی ایئر لائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی: سی اے اے

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) کویت میں قومی ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشن پر پابندی کا معاملہ، پی آئی اے کو اجازت نہ ملی تو کویتی ایئر لائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکام کو آگاہ کر دیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم اکتوبر سے کویتی پروازوں کی پاکستان آمد محدود کی جاسکتی ہیں۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خبردار کر دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کویتی پروازوں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود کویتی پروازیں بلا رکاوٹ پاکستان آ رہی ہیں، بارہا پی آئی اے کو کویت میں فلائٹ آپریشن کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی۔

ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ سی اے اے نے مزید کہا کہ ہماری درخواست کو نظرانداز کیا گیا، خط کا جواب بھی نہیں دیا گیا، کویتی حکام پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں