شہبازشریف کا آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت سے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ معیشت کے لئے تباہ کن ہے، امریکی کرنسی کی قدر بڑھنے سے عوام کنگال ہو رہے ہیں جبکہ حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا ہے، پارلیمنٹ کو بتایا جائے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانا بتا رہا ہے کہ دال کالی ہے، ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کوبرباد کررہا ہے اور مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے۔

لیگی صدرنے کہا کہ آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تبادہی کی صورت میں بھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا۔ ڈالر کی مسلسل پرواز ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لئے نیک فال نہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں