پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کو 9 مئی کے مفروروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنا رہی ہے، ترجمان ن لیگ

پشاور: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کو 9 مئی کے مفروروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنا رہی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا اختیارولی خان نے میاں اسلم اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ سارے بنارسی ٹھگ سپیکر ہاؤس میں بیٹھ کر ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، جعلی مینڈیٹ لیکر خود کو طرم خان سمجھنے والے دس حلقے کھول دیں۔

اختیارولی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مفرور نام نہاد پنجاب کیلئے نامزد وزیراعلیٰ کو ضمانت کیلئے پشاور ہی کیوں آنا پڑا؟ سازشوں، شرارتوں اور مفروروں کیلئے پشاور ہی کا انتخاب کیوں؟ پی ٹی آئی پشاور ہائیکورٹ کی بھی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس 180 لوگوں کی اکثریت ہے تو مرکز میں حکومت کیوں نہیں بناتی؟ تحریک انصاف کی سیاست جھوٹ پر کھڑی ہے اور بانی پی ٹی آئی جھوٹوں کے سردار ہیں، بانی پی ٹی آئی پر چوری ثابت ہوچکی ہے وہ اب سزا یافتہ مجرم ہیں، خیبرپختونخوا میں کرپشن کے کیس دوبارہ کھلیں گے اور بے لاگ احتساب ہوگا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو لوٹنے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں